یونان میں موجود جنوبی جزیرے کریٹ میں 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے میں علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ایلونڈا کے شمال مشرق میں 58 کلومیٹر دور سمندر میں تھا، زلزلے کی گہرائی 69 کلومیٹر تھی۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی کے وسطی علاقے میں 5.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، کونیہ صوبے کے کولو ضلع سے تقریباً 14 کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔
زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت انقرہ سمیت متعدد قریبی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں پہنچ گئی تھیں۔
چلی اور ارجنٹائن میں 7.4 شدت کا خوفناک زلزلہ
یاد رہے کہ ترکی کا شمار دنیا کے اُن ممالک میں ہوتا ہے جہاں زیادہ زلزلے آتے ہیں، فروری 2023 میں آنے والا زلزلہ ترکی اور شام کے لیے ہولناک ثابت ہوا تھا، جس میں ترکی میں 59,000 اور شام میں تقریباً 8,000 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ بے شمار عمارتیں تباہ ہو گئی تھیں۔