راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں رکھ چکری اور نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے مارٹر، آرٹلری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا، فائرنگ سے میندر، کرنی، ڈگوار گاؤں کے 6 شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں تین بچیاں اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
…Due to indiscriminate fire in Kirni Degwar Nar and Mandhar villages, 6 innocent civilians including three girls and one woman sustained serious injuries. The injured have been evacuated to nearby health facility for necessary medical care. (2/2)
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 7, 2020
واضح رہے کہ 30 اپریل کو بھی بھارتی فوج نے کیلر اور رکھ چکری سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیت خاتون اور بچی شہید ہوگئی تھیں، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان ہوا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ سے 16 سالہ لڑکی اور 52 سالہ خاتون شہید جبکہ 10سالہ بچہ اور 55 سالہ خاتون زخمی ہوئی تھیں۔
لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے سینئربھارتی سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔