کراچی : جمشید ڈویژن پولیس نے دومختلف کارروائیوں میں مقابلے کے بعد تین گینگ وارملزمان سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اصلی اور نقلی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرز پولیس نے مقابلےکے بعد تین گینگ وارملزمان کوگرفتارکرلیا ہے ملزمان ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور تین ہٹی کے قریب ٹریفک جام میں رکنے والی گاڑیوں کو بھی لوٹتے تھے۔
ایس پی جمشید ڈویژن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت رفیق عرف کاروبلوچ، کاشف اور سہیل عباس کے نام سے ہوئی ملزم رفیق کارو گینگ وار کے بدنام زمانہ ڈاکو سلیم سندھی کا بھانجا بھی بتایا جاتا ہےجن کے قبضے سے 1 دستی بم،3 پستول اور چھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد کی ہیں
دوسری جانب فیروزآباد پولیس نے نقلی پستول دکھا کراصلی لوٹ مارکرنے والے دو ملزمان کو دھرلیا، ملزمان خواتین اور طالب علموں سے لوٹ مار کر کے فرار ہوجاتے تھے۔
ایس پی جمشید طاہر نورانی کے مطابق گرفتارملزمان سے نقلی پستول برآمد کرلی گئی ہے،ملزمان طارق روڈ اور اطراف کی سنسان گلیوں میں کارروائیاں کرتے تھے، کارروائی کے دوران اگر خطرہ محسوس کرتے تو نقلی پستول راستے میں پھینک کرفرارہوجاتے تھے اور نئی واردات کے لیے پھر نئی نقلی پستول خرید لیتے تھے۔
ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق جمشید کوارٹرز اور طارق روڈ سے گرفتار کیے گئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان سے تفتیش جاری ہے جن کی روشنی کئی دوسرے ملزمان کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔