سری نگر: رمضان المبارک میں بھی کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت جاری ہے، کپواڑہ میں چھ کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کے ظالم سپاہی رمضان کے مقدس مہینے میں بھی نہتے کشمیریوں کا خون بہانے سے باز نہیں آئے، چھ کشمیریوں کی ایک ٹولی پر فائرنگ کھول دی۔
کشمیر میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آنے والے کشمیریوں میں سے کوئی زندہ نہیں بچ سکا، مذکورہ کشمیری نہتے تھے۔
دوسری طرف بھارتی میڈیا مذکورہ کشمیریوں کو در انداز دہشت گرد قرار دینے پر تُلا ہوا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق چھ کشمیری جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں کیرن سیکٹر پر بھارت کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے اسے حالیہ مہینوں میں سب سے بڑی در اندازی قرار دیا، جسے بھارتی فوج نے بزعم خود ناکام بنایا، کشمیر میڈیا کے مطابق نہتے کشمیری در انداز نہیں تھے۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ‘ 3 کشمیری نوجوان شہید
واضح رہے کہ دو دن قبل کیرین سیکٹر میں مجاہدین نے گھات لگا کر ایک بھارتی فوجی کو مار دیا تھا جب کہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا، جس کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کی سرچنگ شروع کردی تھی۔
خیال رہے کہ جنگلات سے ڈھکے اس علاقے میں گھات لگائے مجاہدین اور قابض بھارتی فوج کے درمیان آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، تاہم آج بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں پر فائر کھول کر غصہ اتارا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔