اسلام آباد : پاکستان میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید چھ مریض جان سے گئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 523 ہوگئی جبکہ 516 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا صورتحال کے تازہ اعداو شمار جاری کردیئے، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں24گھنٹےمیں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوئے ، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سےاموات 6523 ہوگئی۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں ملک بھر میں 28 ہزار 280 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 467 افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 727 تک جا پہنچی جبکہ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 8588 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کورونا کے 793 مریض زیرعلاج ہیں ، جس میں سے 516 کیسز تشویشناک یا سنجیدہ نوعیت کےہیں اور 86 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 616 ہوچکی ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 37لاکھ 2 ہزار 607 کورونا کے ٹیسٹ کیےجاچکے ہیں جبکہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 593 ، پنجاب ایک لاکھ33 ، خیبرپختونخوا میں38 ہزار 105، بلوچستان میں 15 ہزار 420 ہیں۔
خیال رہے نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا ، اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایس اوپیزپرعملدرآمد سے کورونا کی دوسری لہر سے بچاؤ ممکن ہے۔