بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

دیامر میں اسکول جلانے میں ملوث تخریب کاروں کے 6 مزید سہولت کار گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

دیامر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیکورٹی فورسز کے اہل کاروں نے کارروائی کے دوران اسکول جلانے میں ملوث تخریب کاروں کے 6 مزید سہولت کار گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع دیامر میں تخریب کاروں کے خلاف پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، پہاڑوں پر اسکول جلانے والے تخریب کار تلاش کیے جا رہے ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع داریل کے علاقے تانگیر سے سہولت کاروں کی گرفتاری میں جرگے نے کردار ادا کیا۔ خیال رہے کہ تانگیر  میں اس سے قبل بھی جرگے نے متعدد سہولت کار گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیے ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فرق نے مزید بتایا کہ تخریب کاروں کے ہاتھوں تباہ شدہ چند اسکولوں کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے، کئی دیگر اسکولوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ دس دن قبل تانگیر اور داریل میں دہشت گردوں کی تلاش میں فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس کی بھاری نفری داخل ہوئی تھی، فورسز کی آمد کا مقصد پہاڑوں پر دہشت گردوں کی تلاش ہے۔


مزید پڑھیں:  چلاس: ایف سی اور پولیس کی نفری کا استقبال، پہاڑوں پر دہشت گردوں کی تلاش شروع

اسے بھی ملاحظہ کریں:  چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش


دہشت گردوں کی گرفتاری اور تلاش میں دیامر جرگے نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، ڈی آئی جی گوہر نفیس نے بتایا تھا کہ پہاڑوں میں موجود دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی ایک فہرست بھی دیامر جرگے کے حوالے کی جا چکی ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، مذکورہ دہشت گردوں کو دیامر جرگے نے داریل میں پکڑا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں