پشاور: خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے باعث 6 مریض انتقال کر گئے۔
اسپتال ذرایع کے مطابق پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے چھ مریض جاں بحق ہو گئے، مریضوں کی اموات کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ آکسیجن ٹینکر راولپنڈی سے لائے جاتے ہیں، ناگزیر وجوہ سے سلنڈر سپلائی میں تاخیر ہوئی، جس کے باعث چند مریض انتقال کر گئے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 3 سے 4 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔ اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ آکسیجن پلانٹ میں آکسیجن بروقت کیوں موجود نہیں تھا، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔
اسپتال ذرایع کے مطابق بی او سی نامی کمپنی آکسیجن سلنڈر سپلائی کرتی ہے، سپلائی میں تاخیر کی وجہ سے سانحہ رونما ہوا۔ ادھر خیبر ٹیچنگ اسپتال بورڈ آف گورنرز نے انتظامی سربراہان کا اہم اجلاس بلا لیا ہے، جس میں واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
2. All the facts of the case will be made public. A request meanwhile to not circulate unverified information on social media.
Neither this, nor any other incident will be left unused, to improve the health system; it’s service; and it’s system of accountability and transparency.— Taimur Khan Jhagra (@Jhagra) December 6, 2020
وزیر صحت کے پی تیمور جھگڑا نے واقعے کے بعد ٹویٹ میں کہا کہ آکسیجن کی عدم دستیابی پر رونما ہونے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، 48 گھنٹوں کے اندر واقعے پر کارروائی کی ہدایت کی ہے، تحقیقات اطمینان بخش نہیں ہوئیں تو حکومت انکوائری کا حکم دے گی۔
انھوں نے کہا اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی میں کمی کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، یا تو آکسیجن فراہمی میں مسئلہ تھا یا غفلت ہوئی، واقعے کی مکمل تفصیلات آنے کا انتظار کیا جائے، انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، زیادہ تر آکسیجن سلنڈر پر کرونا کے مریض ہیں۔
ادھر وزیر اعلیٰ کے پی نے کے ٹی ایچ میں آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی اموات کا نوٹس لے لیا ہے، محمود خان نے اسپتال کے بورڈ آف گورنرز سے تحقیقات کرانے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا 48 گھنٹوں میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے، واقعہ متعلقہ ذمہ داروں کی غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے۔