پشاور : حکومتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا خیبرپختونخوا کے60 فیصداساتذہ اردو بھی نہیں پڑھاسکتے، جس پر وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا نااہل اساتذہ کاکریڈٹ ن لیگ اورپی پی حکومتوں کوجاتاہے، جو بھی بےروزگارشخص ہوتاتھااسےاستادبھرتی کردیاجاتاتھا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 60 فیصداساتذہ کے اردو نہ پڑھانے کی حکومتی رپورٹ پر اساتذہ کی نااہلی پروزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی بھی بول پڑے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا نااہل اساتذہ کاکریڈٹ ن لیگ اورپی پی حکومتوں کوجاتاہے،دونوں حکومتوں میں ماضی میں بےتحاشہ لوگوں کوبھرتی کیاگیا، جو بھی بے روزگار شخص ہوتا تھا اسے استاد بھرتی کر دیا جاتا تھا۔
وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا ہم نے 56 ہزار اساتذہ بھرتی کیے جو فرفر انگلش بولتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا حقانی مدرسےکوفنڈزدینےکافیصلہ گزشتہ حکومت نےکیاتھا، بڑےمدارس کوحکومتی سپورٹ کیلئےفنڈزدےرہےہیں، مدارس میں پڑھنےوالےبچےبھی ہمارے بچے ہیں۔
مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح
وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا مدارس مفت تعلیم دےرہےہیں محرومی ختم کرناچاہتےہیں، حقانی مدرسہ بہت بڑاہے، اسے قومی دھارے میں لا رہے ہیں۔
یاد رپے چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم 2019 کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا، اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بہترین اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے اور داخلہ مہم کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کا خود دورہ کروں گا۔
وزیر اعلی نے کہا تھا کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کے ساتھ مل کر اس قومی مہم کو کامیاب بنائیں، جن بچوں کے والدین ان کوسکول میں داخل نہیں کرواتے میں خود ان کو اسکول میں داخل کراؤں گا۔