کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ صحت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ میں 6 ہزار نئے ڈاکٹرز کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق علیٰ الصباح وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ صحت کے اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے 6 ہزار ڈاکٹرز کو آفر لیٹر جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سمری منظور کرلی ہے، اب 100 نہیں 6 ہزار نئے ڈاکٹرز کی پوسٹنگ کا منصوبہ بنائیں۔ نئےڈاکٹرز کو دیہی علاقوں میں بھیجیں۔
وزیر اعلیٰ نے 377 کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو مستقل کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب نئی بھرتیاں کر رہے ہیں تو پرانے بھی مستقل ہونے چاہئیں۔ لوگوں کو جاب سیکیورٹی دیں اور ان سے کام لیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کا محکمہ صحت کو مثالی بنانے کا عزم
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت کی 146 اسکیموں میں 89 جاری اور 57 نئی اسکیمیں ہیں۔
انہوں نے کراچی میں سینٹرل بلڈ بینک اسکیم پر سست روی پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اسکیم کے لیے مزید 1 کروڑ 10 لاکھ روپے چاہئیں جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر مزید فنڈز کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ نے کراچی کے تین اربن صحت مراکز ملیر سٹی، اورنگی پندرہ اور کیماڑی میں ایڈیشنل انڈوربلاک بنانے کی اسکیم کو بھی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔