ممبئی: بھارت میں بچے کی موت کا انتقام لینے کے لیے 250 کتوں کو مارنے والا بندروں کا جوڑا پکڑا گیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بیڈ میں کتوں نے بندر کا ایک بچہ مار دیا تھا جس کا بندر کے جوڑے نے بھیانک انتقام لیتے ہوئے 250 سے زائد کتے کے بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
بندر کا جوڑا کتے کے بچوں کو اٹھا کر بلندی پر لے گیا تھا اور وہاں سے نیچے پھینک دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بندروں کے جوڑے کو مقامی لوگوں نے پکڑ کر پنجرے میں قید کردیا، تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر کا جوڑا پنجرے میں بند ہے اور ارد گرد لوگ جمع ہیں۔
مقامی لوگوں کی جانب سے بندروں کو علاقائی محکمہ جنگلات کے حوالے کیا گیا، محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ بندروں کو ناگپور لے جایا جائے گا اور وہاں انہیں جنگل کے مختلف حصے میں چھوڑ دیا جائے گا۔
بندروں کے جوڑے نے مبینہ طور پر اسکول کے بچوں پر بھی حملہ کیا تھا جس سے گاؤں والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بندروں کے جوڑے نے ایک آٹھ سالہ بچے کو پکڑا اور اسے گھسیٹ کر لے گئے تھے، گاؤں والوں نے پتھر پھینک کر بچے کی جان بچائی تھی۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ اُن کے گاؤں میں ایک اندازے کے مطابق پانچ ہزار سے زائد جنگلی بندر ہیں جبکہ اب علاقے میں کتے کا کوئی بچہ نظر نہیں آرہا کیونکہ انہوں نے سب کو مار دیا جبکہ بڑے کتے بھی علاقے سے بھاگ گئے ہیں۔