کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری پر گولیاں برسا دی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آخر ایک شہری زخمی بھی ہوا، سیکیورٹی گارڈ کی لاش اور زخمی شہری اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی جس میں ملزمان کو پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ادھر گلشن معمار احسن آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق شخص کو پانچ گولیاں ماری گئیں، شبہ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے کی تححقیقات کررہے ہیں۔
دو روز قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہرمیں ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لیا تھا، ڈکیتی واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں لیکن پھر بھی وارداتوں میں کمی نہ آسکی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ماں کے سامنے بیٹا قتل
ایڈیشل آئی جی نے پولیس کو تمام وسائل بروئے کار لاکر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، تمام فیلڈ آفیسرز کو ازخود پولیس پیٹرولنگ کو مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہوں نے پولیس کاگشت بڑھانے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئےاقدامات کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ سچل میں شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔