کراچی: متحدہ اپوزیشن نے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف سندھ حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ سندھ کے بدعنوان حکمرانوں کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے رہے ہیں، ایک ہفتے کے اندر اندر یہ کالا قانون ختم کیا جائے۔
عامر خان نے کہا کہ ایسا نہ ہوا تو سندھ کی ہرشاہراہ کو بند کریں گے، سندھ کے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، آپ نے سندھ کے اسپتالوں کی بری حالت کردی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک نہیں ہیں مریض تڑپ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا علامتی دھرنا کراچی پریس کلب پر جاری ہے اس سے قبل دھرنے سے خواجہ اظہار الحسن، حلیم عادل شیخ، علی زیدی، خرم شیرزمان ودیگر نے بھی خطاب کیا تھا۔
متحدہ اپوزیشن نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے عوام کو غربت کے دلدل میں دھکیل دیا ہے، زرداری گاڈ فادر کا مافیا ہے اور اس کا فرنٹ مین مراد علی شاہ ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بسیں موجود نہیں عوام ٹوٹی پھوٹی بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں، وفاقی حکومت نے کراچی کو گرین لائن بسوں کا تحفہ دیا۔