مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔ راجہ فاروق حیدر نے بتایا کہ وادی نیلم میں 59، کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ریلیف و بحالی کا عمل مکمل کریں گے، متاثرین کی بحالی کے لیے وسائل بروئے کار لائیں گے، اولین ترجیح لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں برفباری و بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفیصلات جاری کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔