منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

”حکومت انتشار والی حرکتیں کرے گی تو خاموش نہیں رہیں گے“

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت انتشار والی حرکتیں کرے گی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارے دور میں انہوں نے دھرنے دیے ہم نے کسی کو نہیں روکا، یہ کیا سمجھتے ہیں کہ گرفتاری کر کے ہمیں ڈرائیں گے دھمکائیں گے، لوگ نکلیں گے اور بھر پور طاقت کے ساتھ نکلیں گے، لوگوں کا سمندر نکلے گا کنٹینرز وغیرہ انہیں نہیں روک سکتے، آج بھی عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پُرامن ہیں، یہ لوگ انتشار کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، حکومت انتشار والی حرکتیں کرے گی تو ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ہم بھی حکومت کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہیں گے، کل حقیقی آزادی مارچ ہوگا اور لوگ نکلیں گے، مریم نواز اپنے بھائیوں کو بلائیں اور کیسز کا جواب دیں، نواز شریف کو بلائیں جو 2 ہفتے کے لیے گیا تھا آج 4 سال ہوگئے واپس ہی نہیں آ رہا۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی دھمکیوں اور کنٹینر سے ڈرنے والے نہیں ہم ضرور نکلیں گے، مسلم لیگ (ن) خود اعتراف کرتی ہے کہ معیشت بہتر ہو رہی تھی، ملک درست سمت میں جا رہا تھا تو بیرونی سازش بننے کی کیا وجہ تھی، امریکیوں کو اڈے چاہیے تھے اس لیے یہ لوگ سازش کا حصہ بنے؟

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ عمران خان اپنے بچوں کو بلائیں، عمران خان کے بچے اپنی ماں کے پاس رہتے ہیں، عمران خان نے اپنے بچوں کو ابھی نہیں بھیجا بچپن سے وہیں ہیں، مریم نواز! آپ اپنے بھائیوں کو بلائیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ہماری کابینہ کا فیصلہ تھا کہ امریکا کو اڈے نہیں دیں گے، عمران خان نے بھی انٹرویو میں واضح کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ، لوگوں کو غصہ 2 وجہ سے ہے اس لیے عمران خان کیساتھ نکلے ہیں، ایک بیرونی سازش ہوئی اور دوسرا چوروں کو لاکر پھر مسلط کر دیا گیا ہے، اس وقت 60 فیصد کابینہ تو ضمانت پر بیٹھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیوں روس سے تیل اور گندم نہیں خرید رہی، عمران خان روس کیساتھ تیل اور گندم کے معاہدے کرنے جا رہے تھے، بھارت نے بھی روس سے تیل خریدا اب 9 روپے فی لیٹر کمی کردی۔

اپنی گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ مجھے گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ مجھے اغوا کیا گیا تھا، گرفتاری کے لیے وارنٹ کی ضرورت ہوتی ہے، مجھے تو گاڑی سے گھسیٹ کر نکالا گیا دوسری گاڑی میں ڈال کر اغوا کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں