لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں حکومتی اتحاد نے فوری طور پر قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر حکومتی اتحاد کا اہم اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی تحلیل نہ کرنے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان حالات میں نئے انتخابات اتحادیوں کے لیے نقصان دہ ہوں گے، دیکھا جائے پاکستان تحریک انصاف اگلا کیا قدم اٹھاتی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومتی اتحاد نے پنجاب ضمنی انتخابات میں شکست کی وجہ بتا دی
حکومتی اتحاد کا یہ فیصلہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی جیت کے بعد سامنے آیا ہے۔ پی ٹی آئی نے 15، مسلم لیگ (ن) نے 4 جب کہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔
پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف نے مطلوبہ گولڈن نمبر ایک سو چھیاسی عبور کرلیا ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کی سیٹیں ملا کر پی ٹی آئی کے پاس نشستوں کی تعداد ایک سو اٹھاسی ہوگئیں۔