کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر شہری کو آتش گیر مواد سے حملہ کرکے زخمی کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر شہری پر آتش گیر مواد سے حملہ کردیا، اورنگی ٹاؤن میں ڈاکو حجام کی دکان کا صفایا کرکے فرار ہوگئے۔
سرجانی میں ملزمان نے شہری پر حملہ کرکے 15 ہزار روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شہری کے بیان پر ٹیم تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے۔
ایک اور واقعے میں اورنگی ٹاؤن میں تین ملزمان نے حجام کی دکان میں تسلی سے شہریوں کی جیبوں کا صفایا کردیا اور فرار ہوگئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ’حجام کی دکان میں ملزمان دس سے زائد شہریوں کے موبائل فون اور90 ہزار نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
ادھر سرجانی ٹاؤن میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا، متاثرہ شخص نے پلاٹ میں کچھ جلایا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔
ر ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کی جیکٹ میں آگ لگی جس سے وہ جھلس کر زخمی ہوگیا ممکنہ طور پر پلاٹ میں نشہ آور چیز جلائی گئی تھی جس سے آگ لگ گئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی کے پے درپے واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے، اس سے قبل کراچی پولیس چیف نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈاکوؤں کے آگے مزاحمت نہ کریں۔