کراچی میں پیٹرول پمپ مالک اور منشی کو ڈکیتی اور اغوا کا ڈرامہ رچانا مہنگا پڑگیا، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے اغوا اور ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے پیٹرول پمپ مالک اور منشی کو شاہ لطیف ٹاؤن جوگی موڑ سے گرفتار کرلیا ہے، دونوں ملزمان کو ایس آئی کے اہلکاروں نے گرفتار کیا۔
سینئر سپرٹینٹڈنٹ آف پولیس ملیر عارف عزیز کا اس حوالے کہنا ہے کہ ملزم کا اسٹیل ٹاؤن میں پیٹرول پمپ ہے اور پیٹرول پمپ مالک صابر کو ڈیزل سپلائی کرنے والے کو 9 لاکھ 81 ہزار روپے دینے تھے۔
عارف عزیز نے کہا کہ ملزمان نے ڈکیتی اور اغوا کا جھوٹا ڈرامہ کرکے 9 لاکھ 81 ہزار کی رقم ہڑپ لی تھی۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ منشی نے اغوا اور ڈکیتی کا جھوٹا مقدمہ درج کرایا تھا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں پیٹرول پمپ مالک صابر اور منشی عدنان دونوں شامل ہیں۔