لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت 150 افراد کیخلاف مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچے تو ڈنڈا بردار افراد نے گھیراؤ کرلیا اور ہجوم کی جانب سے پولیس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے باہم مشورہ ہوکر ساری پلاننگ کی جبکہ ڈنڈا بردار افراد نے پولیس سے کہا کہ ایک انچ بھی آگے بڑھے تو مار دیں گے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی درخواست خارج کی اور انہیں کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ عدالت نے 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔