دوحہ: امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا چھٹا مرحلہ آج دوحہ میں ہوگا، امن مذاکرات میں جنگ بندی کے اعلامیے پر توجہ مرکوز ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج دوحہ، قطر میں امریکا افغان طالبان امن مذاکرات کا چھٹا مرحلہ ہوگا، امریکا کی جانب سے جنگ بندی پر زور دیے جانے کے بعد آج مذاکرات کے دوران جنگ بندی کے اعلامیے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
امریکی وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہتی عمل زلمے خلیل زاد کریں گے، خیال رہے کہ فریقین میں مذاکرات کا سلسلہ جولائی سے جاری ہے۔
گزشتہ روز زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا دورہ کر کے افغان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
چند روز قبل امریکی امن مندوب برائے افغانستان نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کسی بھی امن ڈیل کا دار و مدار طالبان کی جانب سے فائر بندی پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی حکومت امن کے لیے تیار نہیں، امریکی واچ ڈاگ
ادھر امریکی واچ ڈاگ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کی حکومت امن کے لیے تیار نہیں ہے جب کہ طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
واچ ڈاگ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی اعلیٰ قیادت کو طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام کے لیے باقاعدہ حکمت عملی کا تعین اور بد عنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات اور منشیات کے مسئلے سے نمٹنا پڑے گا۔