اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے سات اگست سے حکومت کیخلاف احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا۔ پانامالیکس کیخلاف آئندہ ہفتے سے باقاعدہ جدوجہد کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کیخلاف پی ٹی آئی نے کمر کس لی، پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے پارٹی کے اعلیٰ سطحی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاناما لیکس کیخلاف سات اگست کو پشاور سے مارچ شروع ہوگا۔
پشاور سے راولپنڈی تک کرپشن کے خلاف ریلی کی قیادت عمران خان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی اوآر کے معاملے پر حکومت نے چھ اگست کو اجلاس بلایا ہے، حکومتی رویہ دیکھ کر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
نعیم الحق نے کہا کہ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو پر بھی بات چیت کی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت کے خلاف تحریک کے باعث فی الحال پی ٹی آئی کے پارٹی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے پارٹی عہدیداروں کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ترجمان نے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں اختلافات کی خبروں کی تردید کی، ان کا کہنا تھا محمود قریشی امریکا میں ہیں اس لئے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔