چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 7 ماہ کا بچہ چوہوں کے کاٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں والدین کی غفلت کے سبب 7 ماہ کا بچہ علی شان چوہوں کے کاٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔
کمسن بچے علی شان کو والدین فیڈر سے دودھ پیتا چھوڑ کر کھیتوں میں گئے تھے جب واپس آئے تو بچے کو خون میں لت پت پایا، چوہوں نے معصوم بچے کے مختلف اعضا اور فیڈر کو بھی کاٹ کھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ گھر میں اکیلا سویا ہوا تھا جبکہ والدین گھر کا دروازہ باہر سے بند کرکے چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ چار سال قبل پشاور کے علاقے حسن گڑہی میں چوہوں کے کاٹنے کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا تھا اور پانچ افراد چوہوں کے کاٹنے کے سبب جاں بحق ہوگئے تھے۔
پشاور میں چوہے کے کاٹنے کے سبب معصوم بچہ عزیر جاں بحق ہوگیا تھا، گل زادی نامی شہری کے ڈیڑھ سالہ بھانجے کی موت بھی چوہے کے کاٹنے کے سبب ہوئی تھی۔