کرکٹ میں ایک قانونی اوور 6 بالز پر مشتمل ہوتا ہے لیکن افغان کی لیگ میں بیٹر نے ایک ہی اوور میں 7 چھکے اور ایک چوکا لگا دیا۔
افغانستان میں کھیلی جا رہی کابل پریمیئر لیگ میں ایک اوور میں اڑتالیس رنز بن گئے جب کہ بیٹر نے بالر کو تختہ مشق بناتے ہوئے ایک اوور میں 7 چھکے اور ایک چوکا بھی لگایا۔
ایک ہی اوور میں یہ کارنامہ انجام دینے والے ہنٹرز کے صدیق اللہ اتل تھے جنہوں نے ڈیفنڈرز کے عامر زازئی کو نشانے پر رکھا اور ایک ہی اوور میں 7 چھکے، ایک چوکا لگا کر اوور میں مجموعی طور پر 48 رنز بنا ڈالے۔
یہ ناقابل یقین کارنامہ ایسے انجام پایا کہ عامر زازئی نے اوور کی پہلی گیند نو بال پھینکی جس پر صدیق اللہ نے چھکا جڑ دیا۔ اگلی بال وائیڈ ہوگئی اس پر بھی بیٹر نے چوکا لگا دیا۔
اس کے اگلی چھ گیندیں قانونی تھیں مگر سب پر صدیق اللہ نے ہاتھ صاف کرتے ہوئے لگاتار چھکے جڑ دیے۔
صدیق اللہ اتل نے 56 گیندوں پر 7 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 118 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔