لندن میں ایک کئی سو سال قدیم مجسمے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حیرت انگیز مشابہت نے سیاحوں کو حیرت اور خوف میں مبتلا کردیا۔
لندن کے نوٹنگھم شائر کیتھڈرل میں نصب یہ مجسمہ جو صرف سر پر مشتمل ہے، چھت کے قریب کمان پر تراشا گیا ہے اور یہ 700 سال قدیم ہے۔
اس عیسائی عبادت گاہ میں موجود ان گنت کمانوں میں بے شمار مجسمے تراشے گئے ہیں اور ٹرمپ سے مشابہت رکھنے والا یہ سر بھی انہی میں سے ایک ہے۔
اس مجسمے کو اس سے قبل بھی دیکھا گیا تھا تاہم اب ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
کیتھڈرل کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اس مجسمے کو دیکھتے آرہے ہیں لیکن آج سے پہلے انہوں نے کبھی غور نہیں کیا کہ اس مجسمے کے بالوں کا انداز ہو بہو ڈونلڈ ٹرمپ جیسا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان مجسموں کو چودہویں صدی میں تراشا گیا۔ یہ مجسمہ ممکنہ طور پر کسی عام شخص کا ہے اور اس کا تعلق بادشاہوں کے خاندان سے نہیں ہے۔
تو گویا یہ بات تو ثابت ہوگئی کہ آج سے 700 سال قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی مشابہت رکھنے والا شخص موجود تھا، اور اگر وہ واقعی کوئی عام شخص تھا تو صدیوں بعد اس کی روح خوش ہوگئی ہوگی کہ آج اس کا ہم شکل شخص دنیا کے ایک طاقتور ترین ملک کا سربراہ ہے۔