اسلام آباد: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبداالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ ہم تو دال روٹی کھانے والے لوگ ہیں کبھی کوئی فرمائش نہیں کی۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ ویسے ہی مہمان نواز ہیں ہر پرگرام کے بعد کھانے کا اہتمام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان اور عید کے موقع پر لوگ زیادہ ہوتے ہیں تو وہ سمجھتے ہیں سب کو ضرور کھانا کھلائیں کبھی نہیں چاہیں گے کہ ہمارے کھانے کا کوئی بڑا ٹینڈر ہو۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ کوشش ہے کہ اجلاس میں کفایت شعاری پر عمل کیا جائے اتنا بڑا کھانا نہیں کہ اس کے لیے ٹینڈر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کھانے کے حوالے سے کوئی فرمائش نہیں ہے ہمارے لیے لوگ ہی بہت تکریم دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے بائیس مارچ کو رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ کیلئے سو افراد کے وائی آئی پی کھانوں کا ٹینڈر جاری کیا تھا۔
ٹینڈر میں سو وی آئی پیز کیلئے گیارہ ڈشیں اور سو عام افراد کیلئے چھ ڈشوں کی تیاری کا تخمینہ طلب کیا گیا۔
بائیس مارچ کو اوقاف کمپلیکس عیدگاہ چارسدہ روڈ آنے والے اکابرین کیلئے ہائی ٹی کا اہتمام بھی کیا جانا ہے جس میں چائے پیٹیس، پیسٹریاں، سینڈوچ اور بسکٹ رکھے جائینگے، بھاری بھرکم ہائی ٹی کےبعد ڈنر کا بھی اہتمام ہوگا جس میں دم پُخت، نارنجی بیف پلاؤ، مکس سبزی، چکن تکہ، بوٹی ۔سیخ کباب، نان، رشین سلاد، تازہ سلاد، حلوہ، منرل واٹر اور کولڈ ڈرنک شامل ہیں۔
بعدازاں نگراں وزیر مذہبی امور بیرسٹر فیروز جمال کاکا خیل نے نوٹس لیتے ہوئے ٹینڈر واپس کیا اور کفایت شاری سے کام لینے کی ہدایت کردی۔