بھارت میں فلمی انداز میں سڑک پر رقم لٹانے والے یوٹیوب کی شامت آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریانہ پولیس نے گروگرام کے یوٹیوبر جور اوار سنگھ کلسی اور اس کے دوست گرپریت سنگھ کو کار سے کرنسی نوٹ پھینکنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
یوٹیوبر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی دونوں نوجوان شاہد کپور کی ویب سیریز ’فرزی‘ کا سین دوبارہ بنانے کی کوشش کررہے تھے۔
اے سی پی وکاس کوشک کا کہنا تھا کہ پولیس کو سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے ذریعے واقعے کا علم ہوا جہاں دونوں افراد نے گالف کورس روڈ پر کار سے کرنسی نوٹ پھینکے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
#WATCH | Haryana: A video went viral where a man was throwing currency notes from his running car in Gurugram. Police file a case in the matter.
(Police have verified the viral video) pic.twitter.com/AXgg2Gf0uy
— ANI (@ANI) March 14, 2023
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے علاوہ دو دیگر بھی موٹر سائیکل پر سوار تھے اور کرنسی نوٹ دکھانے کی ویڈیو ریکارڈ کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب جوراور سنگھ کلسی کی تحویل سے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے ہیں اور وہ کار کو بھی برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اسی طرح کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر چند دن قبل سامنے آئی تھی جس میں ایک نامعلوم شخص کو بنگلورو کے کے آر پورم فلائی اوور سے نیچے کھڑے لوگوں پر 10 کے نوٹ پھینکتے ہوئے دیکھا گیا ۔