اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخ کرنے کی ایف آئی اے کی اپیل مسترد کردی ہے۔
ایف آئی اے نے عمران خان، طارق شفیع کی ضمانت منسوخی کی اپیل کی تھی۔
عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طارق شفیع کی ضمانت منسوخ کرنے کی بھی درخواست مسترد کردی۔
واضح رہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آج فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
بینکنگ کورٹ نے 28 فروری کو عمران خان کی ضمانت کنفرم کی تھی جس کے خلاف ایف آئی اے نے بیبنکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے، عبوری ضمانت منظورکیے جانے کا بینکنگ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان پر اس کیس میں کیا الزام ہے؟ عمران خان یا تحریک انصاف تو رقوم وصول کرنے والے ہیں۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان نے ایک انٹرویومیں کہا یہ چیریٹی رقوم ہیں لیکن یہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں، ہم اس انٹرویو سے متعلق اورکچھ دیگرسوالات پوچھنا چاہتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ وہ کون سا گواہ ہے جویہ کہے گا کہ میں نے جس مقصد کے لیے پیسے دیے اس میں استعمال نہیں ہوئے، اگرکسی ٹرانزیکشن کے خلاف ایس ٹی آر جنریٹ نہیں کی گئی تو اس پرقانون کیا ہوگا؟
بعد ازاں عدالت نے کیس پر سماعت مکمل کرکے عمران خان کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔