عالمی بینک نے پاکستان کی ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں پاکستان کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے پائیدار اصلاحات پر زور دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی بینک کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان کو سست معاشی شرح نمو، مہنگائی کا سامنا ہے، موجودہ سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو صرف 0.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون تک مہنگائی 29.5 فیصد کی بلند سطح پر رہے گی جبکہ مہنگائی کی وجہ توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سست معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے اعتماد کا فقدان، درآمدات پر پابندیاں ہیں، سخت مالی پالیسی تاخیر سے اختیار کی گئی۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ایکسچینج ریٹ کی غیررسمی حد مقرر کرنے سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی آئی ہے، سخت عالمی شرائط کی وجہ سے پاکستان کو سرمائے تک رسائی میں کمی آئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے کی تکمیل میں تاخیر کا سامنا ہے جبکہ پاکستان کو قرضوں میں اضافے اور زرمبادلہ ذخائر میں بھی تیزی سے کمی کا سامنا ہے۔