قومی اسمبلی میں کے پی، پنجاب الیکشن کے لیے 21 ارب روپے کے اضافی اخراجات کی تحریک مسترد کردی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی فنڈز کی فراہمی سے متعلق قرارداد منظور کرچکی ہے، سپریم کورٹ میں چار ججوں نے سوموٹو نوٹس کے خلاف فیصلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی پہلے ہی سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کو مسترد کرچکی ہے، ان چیمبر سماعت میں اسٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر قانون نے کہا کہ کابینہ نے بھی اضافی اخراجات کی منظوری اسمبلی سے منظور کروانے کی ہدایت کی۔
اعظم نذیر نے کہا کہ مخصوص فنڈز کے استعمال سے متعلق آئین میں واضح ہدایات موجود ہیں، فنڈز کے استعمال کی منظوری دینا ایوان کا اختیار ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔