واشنگٹن: امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی انوویو فارماسیوٹیکل کا کہنا ہے کہ انہیں کرونا وائرس کے خلاف اپنی ویکسین اور اس کے ساتھ تیار کی گئی ڈیوائس کے لیے امریکی محکمہ دفاع سے 71 ملین ڈالر وصول ہوگئے ہیں۔
مذکورہ کمپنی کرونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار کرچکی ہے جو انسانی آزمائش کے مرحلے میں ہے، اس کے ساتھ ایک ڈیوائس بھی تیار کی جارہی ہے جو اس ویکسین کو جلد کے اندر مانیٹر کرے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کلیکٹرا نامی اس ڈیوائس کے پرانے ورژن سے 2 ہزار مریضوں کو محفوظ طریقے سے دوا دی جا چکی ہے۔ کمپنی اس ڈیوائس کو سنہ 2019 میں بنانا شروع کر چکی تھے اور اب وہ اس کی ابتدائی پروڈکشن بھی شروع کرچکی ہیں۔
کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ دفاع کی فنڈنگ کے بعد ڈیوائس کی تیاری مزید بڑے پیمانے پر ہوسکے گی۔
دوسری جانب کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کا ہیومن ٹرائل بھی جاری ہے، ویکسین کی انسانی آزمائش کا آغاز اپریل میں کیا گیا تھا جس کے نتائج رواں ماہ متوقع ہیں۔ اس کے بعد ٹرائل کا اگلا مرحلہ شروع کردیا جائے گا۔
ویکسین کو اس سے قبل چوہوں پر آزمایا گیا تھا جس کے بعد ان کے خون میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئی تھیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی فنڈنگ کی مدد سے وہ ویکسین کی تیاری اور اس کی ڈیوائس کی مینو فیکچرنگ کو مزید وسعت دیں گے۔