اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز زیر غور ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز زیر غور ہے، پی ڈی ایم اجلاس میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز پیش کی گئی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں عدالتی فیصلوں اور درپیش صورتحال بھی زیر بحث آئے جبکہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر اہم ضروری اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں وفاقی کابینہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالےاداروں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کیخلاف مسلح افواج کےترجمان کی تائیداورحمایت کرتے ہوئے ریاست آئین قانون قومی وقار کیخلاف منظم دہشت گردی کرنیوالوں سے رعایت نہ برتنے کا فیصلہ کیا تھا۔