اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملک بھرمیں پر امن احتجاج کی کال دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عدالت سے جاتے نہیں دیا جارہا قوم پر امن احتجاج کے لیے تیار رہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمانتیں ہوچکی ہیں، آزاد ہوں، ان کی بدنیتی سامنے آچکی ہے یہ لوگ مجھے عدالت سے جانے نہیں دے رہے۔
عمران خان نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے نہیں مانے جارہے ہیں قانون کی حیثیت ختم ہوچکی ہے، عدالت میں تین گھنٹے سے موجود ہوں لیکن جانے نہیں دیا جارہا ہے۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان اور آئی جی اسلام آباد کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے، آئی جی اسلام آباد کا پروٹوکول احاطہ عدالت میں موجود ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ذاتی سیکیورٹی کے لیے گرین سگنل دیا گیا تھا تاہم ان کی ذاتی سیکیورٹی تاحال ہائیکورٹ نہیں پہنچی ہے۔
بعدازاں عمران خان کے وکلا کا کہنا ہے کہ عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے ہیں۔