iپنجاب کے شہر بھلوال کے نجی اسپتال میں اینستھیزیا کے ڈاکٹر نے زچگی کا آپریشن کردیا جس کے نتیجے میں نومولود جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھلوال کے نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت سے نومولود جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔
خاتون کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر سرگودھا ریفر کردیا گیا ہے۔
نومولود کے اہلخانہ نے ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب واقعے کا نوٹس لے کر اسپتال سیل کرنے کا حکم دیں۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل لاہور کے چلڈرن اسپتال ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی غفلت کے باعث نرسری کے انکوبیٹر میں اوور ہیٹ سے جھلس کر پانچ دن کی بچی جاں بحق ہوگئی تھی۔
ایم ڈی چلڈرن اسپتال ڈاکٹر سلیم کا کہنا تھا کہ ہیٹ دینے کے لیے بچوں کو وارمر میں رکھا گیا تھا، ایک بچی جاں بحق ہوئی دوسرے بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ نومولود بچی یرقان کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھی۔