کراچی: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کو تنخواہوں اور اوقات کار سے مشروط کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت پیٹرولیم کی ٹیم نے دیہی اور شہری علاقوں میں پیٹرول پمپس کا سروے کیا۔ پیر تک 2 ہزار پیٹرول پمپس کا ڈیٹا جمع ہو جائے گا۔
پیر کو ڈیلرز کے مارجن سے متعلق حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی جس میں ملازمین کی طبی سہولت، تنخواہ اور اوقات کار کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈیلرز کو مارجن میں اضافہ چاہیے تو ان تمام شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ ڈیلرز کی حکومت کو دی جانے والی ڈیٹ لائن پیر کو مکمل ہو رہی ہے۔
پیر تک پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ حل نہ ہوا تو حتمی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کے ساتھ مذاکرات میں ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال دو روز کیلیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مصدق ملک نے ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کیلیے کمیٹی بنا دی جبکہ ڈیلرز کو تحریری یقین دہانی بھی کروائی۔ کمیٹی 48 گھنٹے میں ڈیلرز کے مارجن کی ورکنگ بنا کر دے گی اور دوبارہ ڈیلرز کمیشن کو حتمی شکل دے گی۔
وزیر مملکت اور ڈیلرز ایسوسی ایشن میں مذاکرات کا حتمی دور 48 گھنٹے بعد ہوگا۔ ڈیلرز ہڑتال سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔