لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی فوری وطن واپسی پر ن لیگ کی رائے تقسیم ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ چند ن لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کو حالات کا مزید جائزہ لینے کے بعد واپسی کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سخت گیر رہنما نواز شریف کو ہر صورت وطن واپسی کا مشورہ دے رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف رائے تقسیم ہونے پر نگراں سیٹ اپ کے بعد دوبارہ مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد وزیر قانون کے مطابق نواز شریف پر سے تاحیات نا اہلی کی تلوار ہٹ گئی جس کے بعد ملک بھر میں ان کی وطن واپسی کے حوالے سے چہ مہ گوئیاں اور پیش گوئیاں کی جانے لگی تھیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن نے بھی اپنے پارٹی رہنماؤں کو قائد اور سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی، صوبائی ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ، ڈویژنل، ضلعی عہدیداروں کو خطوط جاری کیے گئے ہیں جن میں ان سے یوسی سطح پر نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
خطوط میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کسی بھی وقت نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان کر سکتی ہے اس لیے عہدیدار ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں فوری شروع کر دیں۔