کراچی کے علاقے پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار عادل شہید ہوگیا۔
پولیس اہلکار عادل کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقابلے کے بعد ملزمان زخمی حالت میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
آئی جی سندھ رفعت مختار نے ایس ایس پی کیماڑی سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکل پر چار پولیس اہلکار علاقہ گشت میں مصروف تھے جب اہلکار گھاس والی گلی پہنچے تو گھات لگا کر بیٹھے ملزمان نے فائرنگ کردی۔
ایس ایس پی کا بتانا ہے کہ فائرنگ میں تھانہ پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل عادل شہید ہوگیا، ساتھی اہلکاروں نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی جس سے ایک ملزم کے زخمی ہونے کا شبہ ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔