لاہور: نگراں وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ٹرین حادثے کی صورت میں سخت ایکشن لینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ سفر پہلی ترجیح ہے۔
وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں کارکردگی، اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین ریلوے، سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے پولیس اور پرنسپل افسران موجود تھے۔
شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ رابطہ ایپلی کیشن کے انٹرفیس کو صارف دوست بنایا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ٹریک مٹیریل چوری کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریلوے آمدن بڑھانے کیلیے بزنس پلان پیش کیا جائے۔
نگراں وزیر نے ہدایت کی کہ ریڈنڈنٹ ٹریک کی حفاظت یقینی بنائی جائے، ریلوے نیٹ ورک کی شمسی توانائی پر منتقلی کی پیشرفت رپورٹ جمع کروائی جائے اور فریٹ آمدن بڑھانے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سگنل سسٹم کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے، ناقابل استعمال کوچز، لوکو موٹوز کو ڈسپوز آف کرنے کا پلان پیش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ اور پنشن کی بر وقت ادائیگی کیلیے ذاتی نگرانی کروں گا۔