بدھ, مئی 22, 2024
اشتہار

کراچی، عائشہ منزل کے قریب دکانوں اور فلیٹس میں خوفناک آتشزدگی، 4 افراد جاں‌ بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب دکانوں اور رہائشی فلیٹس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال اور 4 منزلہ رہائشی فلیٹس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دکانوں کے آگے کھڑی گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے میزنائن فلور سے تین افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

- Advertisement -

ریسکیو حکام کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والا شخص دم توڑ گیا ، متوفی کی شناخت 30 سالہ اسامہ کے نام سے ہوئی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ دکانوں سے شروع ہونے والی آگ نے رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا ہے، فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوم کی ایک دکان میں اچانک آگ لگی جو مزید پھیل گئی، تمام دکانوں میں فوم اور میٹرس موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، ریسکیو اداروں کی جانب سے رہائشی عمارت سے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا دعویٰ ہے کہ 7 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارککل اور ایک باؤزر موقع پر موجود ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا

فائر افسر ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ آگ رہائشی عمارت کی چوتھی منزل تک پہنچ گئی ہے، عمارت میں کسی کے موجود ہونے کی اطلاعات نہیں، چھت پر کچھ لوگ ہیں جو مدد کے لیے پکار رہے ہیں، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، اسنارکل کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

عمارت میں رہائش پذیر متاثرہ خاتون کی گفتگو

متاثرہ عمارت میں رہنے والی خاتون الماس طلحہ نے بتایا کہ وہ چوتھی منزل پر رہائش پذیر ہیں، ہمیں بلڈنگ کے چوکیداروں نے بحفاظت نکال لیا، ایمرجنسی میں ہمارے جو بھی ہاتھ میں آیا ہم لے کر نیچے خیریت سے آگئے، دعا ہےکہ ہمارے گھر محفوظ رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عمارت میں رہائش پذیر تمام افراد بحفاظت نکل آئے ہیں، اس کا کریڈٹ بلڈنگ کے چوکیداروں کو جاتا ہے۔

ایک شخص سو فیصد جھلسا ہوا ہے، ایم ایس سول اسپتال

ایم ایس سول اسپتال کا کہنا ہے کہ برنس وارڈ میں ایک شخص کو منتقل کیا گیا ہے جو 100 فیصد جھلسا ہوا ہے اور اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی کی شناخت 23 سالہ مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، اسپتال کے برنس وارڈ میں عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

’متاثرہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے‘

ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے، لوگوں کو وہاں سے ہٹا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد افراد کو عمارت سے نکالا گیا ہے، قریبی عمارتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے، آگ فوم کی وجہ سے زیادہ بھڑکی جو چوتھی منزل تک پھیل گئی۔

ڈائریکٹر ریسکیو 1122 سندھ عابد شیخ کا کہنا ہےکہ متاثرہ عمارت کا گراؤنڈ اور میز نائن فلور کمرشل مقاصدکےلیے استعمال ہو رہا تھا، متاثرہ عمارت کے چار فلور پر فلیٹ بنے ہوئے تھے۔

ڈائریکٹر ریسکیو 1122 کے مطابق یہ تیسرے درجے کی آگ ہے، آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عمارت سے لوگوں کے حفاظتی انخلا کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

بعدازاں آگ پر قابو پالیا گیا، ایس بی سی اے کی انسپکشن ٹیم صبح گیارہ بجے عمارت کا معائنہ کرے گی۔

واضح رہے کہ 25 نومبر کو گلستان جوہر میں شاپنگ مال میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

سلمان لودھی
سلمان لودھی
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔

مزید خبریں