لاہور: پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا لاہور ہائیکورٹ میں عام انتخابات کے کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے فوری طور پر پٹیشن فائل کرکے فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی پی قیادت نے قانونی ٹیم کو ہدایات کی ہے کہ سپریم کورٹ میں بھی فریق کی ضرورت پڑی تو پٹیشن فائل کریں گے۔
پیپلزپارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ ملک میں عام انتخابات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہے۔
پی پی، ن لیگ، ق لیگ، آئی پی پی کا لاہور ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف فریق بننے کا فیصلہ#ARYNews pic.twitter.com/41SsKN3ZIk
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) December 15, 2023
دوسری جانب ن لیگ نے بھی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے اور قانونی ٹیم کو پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف ق لیگ اور آئی پی پی نے بھی فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔
لاہور ہائیکور ٹ نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا انتخابات کے لیے بیوروکریسی کی خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا جبکہ آج لاہور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے جو 18 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔