دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ وہ یقین کی دولت سے مالا مال ہوتے ہیں اور اپنے لیے کسی کام کو ناممکن نہیں سمجھتے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ خود اعتمادی اور ہر معاملے میں اعتماد کا مظاہرہ کرنا کامیابی کی علامت ہے۔ پر اعتماد لوگوں کی کچھ عادات ہوتی ہیں جن کو اپنا کر آپ بھی پراعتماد اور اس کے بعد کامیاب لوگوں کی فہرست میں شامل ہوسکتے ہیں۔
بہانے بازی سے گریز
پراعتماد لوگ بہانے بازی سے گریز کرتے ہیں۔ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور انہیں درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
دنیا کے بے شمار کامیاب لوگوں کو ابتدا میں بے شمار مسائل کا سامنا پڑا۔ اگر وہ ان مسائل کو بڑا سمجھ کر ان کے آگے ہار مان جاتے تو آج دنیا ان سے ناواقف ہوتی۔ کامیاب لوگ چھوٹے چھوٹے مسائل اور ناکافی وسائل کی شکایت کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرتے ہیں اور اپنا سفر جاری رکھتے ہیں۔
آرام دہ ’زون‘ سے باہر نکلنا
پراعتماد لوگ آرام دہ زندگی گزارنے سے گریز کرتے ہیں۔ یاد رکھیں آرام دہ طرز زندگی آپ کے خوابوں کو قتل کردیتا ہے اور آپ کوئی مشکل اٹھانے کے قابل نہیں رہتے۔ پراعتماد لوگ ایسے طرز زندگی کو چھوڑ کر مشکل اور چیلنجنگ زندگی گزارتے ہیں۔
آج کا کام آج کرنا
پراعتماد لوگ آج کا کام آج ہی کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ اسے کل پر نہیں ٹالتے۔
لوگوں کو پرکھتے نہیں
لوگوں کو پرکھنا آپ کا کام نہیں۔ جس طرح آپ اپنی زندگی میں لوگوں کی مداخلت ناپسند کرتے ہیں اسی طرح کوئی یہ نہیں چاہے گا کہ آپ بھی دوسروں کی زندگی پر فیصلہ صادر کریں۔ لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں۔
مقابلہ بازی سے گریز
پراعتماد لوگوں کا مقابلہ اپنے آپ سے ہوتا ہے۔ وہ دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز کرتے ہیں جس کے باعث وہ حسد اور جلن جیسے منفی جذبات سے محفوط رہتے ہیں۔
دوسروں سے مقابلہ کرنے سے گریز اس لیے بھی کرنا چاہیئے کیونکہ ہر شخص کے حالات زندگی مختلف ہوتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ جس شخس کی کامیابی سے جلن کا شکار ہوں اس نے اپنا بچپن نہایت مشکل حالات میں گزارا ہو۔
لوگوں کو خوش یا مطمئن رکھنا آپ کا کام نہیں
لوگوں کی خوشی کا خیال رکھنا، یا کسی چیز کے بارے میں یقین دہانی کروانا آپ کا مسئلہ نہیں۔ اگر آپ ان کی خوشی کا خیال رکھیں گے تو اپنی خوشی سے محروم ہوجائیں گے۔
زندگی کے حقائق کو قبول کرنا
پراعتماد لوگ خوابوں میں رہنے کے بجائے زندگی کے تلخ و شیریں حقائق کو قبول کرتے ہیں اور ان کا سامنا کرتے ہیں۔
خود کو محدود نہ کرنا
خود کو محدود مت کریں۔ نئے نئے تجربات کرتے رہیں چاہے آپ عمر کے کسی بھی حصہ میں ہوں۔ کوئی کام کرنا نہیں بھی آتا تب بھی اسے کرنے کی کوشش کریں اور اپنی صلاحیتوں کو وسعت دیں۔
یاد رکھیں! خود اعتمادی کامیابی کی سیڑھی ہے۔ جو افراد خود اعتمادی سے محروم ہوتے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔