نوشہروفیروز/ہری پور: قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب ایک مسافر کوچ دکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اپنی 2 بیٹیوں سمیت جاں بحق ہو گئی۔ ہری پور میں ایک وین الٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب مسافر کوچ دکان میں گھسنے کے باعث ماں دو بیٹیوں کے ساتھ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جا رہی تھی کہ کنڈیارو کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک دکان میں گھس گئی۔
جاں بحق بچیوں کی عمریں 8 اور 10 سال ہیں، جاں بحق خاتون اور بچیوں کا تعلق شکارپور سے بتایا جاتا ہے، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف ہری پور میں ہزارہ موٹر وے پر ایک وین الٹنے سے 5ا فراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر کیری ڈبہ تیز رفتاری کے باعث موٹر وے سے نیچے جا گرا تھا، ریسکیو کے اہل کاروں نے موقع پر پہنچ کر ابتداٸی طبی امداد کے بعد زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا۔
زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، جو روالپنڈی جا رہے تھے۔