جمعہ, اکتوبر 11, 2024
اشتہار

کوئٹہ : چرچ میں دھماکہ اور فائرنگ‘ 9 افراد جاں بحق‘ 35 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پرواقع چرچ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے۔

وزیرداخلہ بلوچستان نے بتایا کہ زرغون روڈ پر واقع گرجا گھر پر2 دہشت گردوں نے حملہ کیا جبکہ ایک دہشت گرد کو پولیس نے مرکزی دروازے پر ہلاک کردیا۔

- Advertisement -

وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دوسرے خودکش بمبارنے خود کوچرچ کے احاطے میں اڑایا۔

سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو جائے وقوع کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔


آئی جی بلوچستان کی میڈیا سے گفتگو


آئی جی سندھ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد چرچ کی مرکزی عمارت میں داخلہ نہیں ہوسکے، چرچ کےاندر 400 کے قریب لوگ موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور کوگیٹ پرہی مار دیا گیا جبکہ دوسرے دہشت گرد نے چرچ کے احاطے میں خود کودھماکے سے اڑایا۔

آئی جی بلوچستان کے مطابق دہشت گرد حملے میں 5 افراد جاں بحق، 16 کے قریب زخمی ہوئے، پولیس نے موقع پر فوری ریسپانس دیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اداروں نے گرجا گھر کے احاطے کو کلیئر کردیا ہے اور اب آس پاس کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی، اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد گرجا گھر میں موجود تھی۔

اقلیتی رکن بلوچستان اسمبلی انیتا عرفان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، پولیس نے فوری ریسپارنس دیا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملے کی پرزورمذمت کرتے ہیں، سیکورٹی فورسز کی بروقت کوشش سے جانی نقصان کم ہوا۔

اقلیتی رکن بلوچستان اسمبلی انیتا عرفان نے کہا حکومت عبادت گاہوں کو خصوصی سیکورٹی دے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دہشت گرد حملے میں 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔


صدر، وزیراعظم کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


صدر ممنون حسین اور وزیراعطم شاہدخاقان عباسی نے کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔


بلاول بھٹوزرداری کی کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے سندھ حکومت سے مدد لی جا سکتی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے بروقت کارروائی پرسیکورٹی فورس کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گری کے خاتمے کے لیے ان کی نرسریاں ختم کرنا ہوں گی۔


آصف علی زرداری کی کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


سابق صدر آصف علی زرداری نے کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ناقابل معافی ہیں، انہیں بے رحمی سے کچلا جائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ حملےکے منصوبہ ساز بھی ناقابل معافی ہیں، انہوں نے پارٹی عہدیدار، کارکنان کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی امداد کریں۔


وزیراعلیٰ پنجاب کی کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


وزیراعلیٰ پنجاب نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کیا اور کہا کہ معصوم لوگوں کونشانہ بنانے والے دہشت گرد رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں جبکہ بزدلانہ کارروائیاں قوم کےعزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کواتحاد اور اتفاق کی قوت سے ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔


عمران خان کی کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔


خورشید شاہ کی کوئٹہ چرچ حملےکی مذمت


اپوزیشن لیڈرخورشید احمد شاہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جانی نقصان پرانتہائی دکھ اور افسوس ہوا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت کودہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کوئٹہ میں چرچ حملے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 25 نومبر 2017 کوکوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں 15 نومبرکو مسلح افراد کی فائرنگ سے قائم مقام ایس پی انوسٹی گیشن محمد الیاس اور ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 9 نومنر کو کوئٹہ کے حساس علاقے چمن روڈ پرقاتلانہ حملے میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل بلوچستان پولیس حامد شکیل جاں بحق ہوگئے تھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں