دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) ایک ایسا عارضہ ہے جس میں اگر مریض کو فوری طبی امداد فراہم نہ کی جائے تو اُس کی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کافی عرصے سے ہارٹ اٹیک ہونے کی وجوہات تلاش کرنے کے لیے مطالعہ کررہے ہیں اور اُن کی کوشش ہے کہ سنگین عارضے میں مبتلا ہونے سے قبل انسان کو آگاہی مل سکے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 8 ایسی بڑی علامات تلاش کرلیں جو ہارٹ اٹیک سے قبل ظاہر ہوجاتی ہیں۔
تھکاوٹ
ماہرین کے مطابق اگر ایک شخص معمولی کام کرنے کے دوران حد سے زیادہ تھکاوٹ محسوس کرتا ہے تو یہ ہارٹ اٹیک کی پہلی علامت ہے، ایسی صورت میں اُسے فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
پیٹ میں درد
ماہرین کے نزدیک ہارٹ اٹیک سے قبل پیٹ میں گیس کے درد کی شکایت ہوتی ہے، یہ انتہائی خطرناک علامت ہے کیونکہ گیس اندرونی طور پر پورے جسم میں حرکت کرتی ہے اور اگر یہ دل کے پاس پہنچ جائے تو اس کا نتیجہ اٹیک کی صورت سامنے آتا ہے۔
سینے میں مسلسل درد
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ہارٹ اٹیک سے قبل سینے میں الٹے ہاتھ کی طرف درد ہوتا ہے جسے ہر کوئی معمولی سمجھ کر نظر انداز کردیتا ہے مگر یہ بہت بڑی نشانی ہے۔
سینے کے ساتھ کاندھوں، گردن اور الٹے ہاتھ میں مسلسل درد بھی عارضہ قلب کی بڑی نشانیوں میں سے ایک ہے۔
نیند نہ آنا
ماہرین کے مطابق رات سونے میں مشکل اور صبح جلدی اٹھ جانا بھی ہارٹ اٹیک یا اسٹروک کی بڑی علامت ہے کیونکہ نیند پوری نہ ہونے سے انسان کا بلڈپریشر کنٹرول نہیں رہتا اور نتیجہ عارضہ قلب کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
علاوہ ازیں ماہرین کا کہنا ہے کہ ’سانس میں تکلیف، تیزی سے بالوں کا گرنا، دل کی تیز دھڑکن کا تیز یا بے ترتیب ہونا‘ بھی ہارٹ اٹیک کی علامات ہیں۔
ماہرین نے مشورہ دیا کہ مذکورہ باتوں میں سے کسی کو بھی نظر انداز نہ کیا جائے اور شکایت کی صورت میں فوری ماہر ڈاکٹرز سے رجوع کیا جائے۔