ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

دل کے 4 دورے، فالج کا اٹیک بھی جذبہ کم نہ کر سکا، کراچی کے 80 سالہ پروفیسر نے پی ایچ ڈی کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

علم کی روشنی سے منور ہونے کا جذبہ ہو تو تعلیم کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں اور اس کو ثابت کیا کراچی کے ایک 80 سالہ پروفیسر نے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے 80 سالہ پروفیسر ڈاکٹر سعید عثمانی مثال ہیں عزم وہمت کی۔ اس ضعیف العمری میں انہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

پی ایچ ڈی کرنے کے دوران ان دل کے چار دورے پڑے، فالج کا اٹیک اور کورونا جیسے عالمی وبائی جان لیوا مرض کا بھی سامنا کیا لیکن یہ تمام پریشانیاں ان کا علمی سفر نہ روک سکیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سعیدعثمانی نے 80 سال کی عمر میں وفاقی جامعہ اردو سے ابلاغ عامہ میں پی ایچ ڈی کر کے ثابت کر دیا کہ تعلیم سمیت ہر مقصد کے حصول کے لیے عمر رکاوٹ نہیں بلکہ صرف ایک عدد ہے۔

انہوں نے "کراچی میں ایف ایم ریڈیو کی مقبولیت اور سامعین کا تجزیاتی مطالعہ” پر پی ایچ ڈی مکمل کی۔ مقالہ معروف استاد ڈاکٹر توصیف احمد خان کی زیر نگرانی مکمل ہوا، جس کو ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی گریجوایٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل نے 66 ویں اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر سعید عثمانی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کر دی۔

پروفیسر عثمانی علمی، ادبی اور سیاسی حلقوں میں انسائیکلوپیڈیا کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی کہانی ہمت، حوصلے اور علم سے عشق کی روشن مثال ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں