اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

ماں نے چوتھی بیٹی کی پیدائش پر نومولود کو قتل کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سنگدل ماں نے چوتھی بیٹی کی پیدائش پر 6 دن کی بچی کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ نئی دہلی کے علاقے دوارکا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ خاتون شیوانی نے طعنوں سے بچنے کے لیے چھ دن کی بیٹی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اس کی لاش کو تھیلے میں باندھ کر پڑوسیوں کی چھت پر پھینک دیا اور اس کے لاپتہ ہونے کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ جمعہ کی صبح ساڑھے پانچ بجے بچی کی گمشدگی کے حوالے سے کال موصول ہوئی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔

- Advertisement -

ابتدائی پوچھ گچھ پر شیوانی نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد والدین کے گھر آئی اور رات کو ڈھائی بجے بچی کے ساتھ سو گئی جب ساڑھے چار بجے بیدار ہوئی تو بچی غائب تھی۔

خاتون کے بیان کے بعد پولیس نے ٹیم تشکیل دی اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے واقعے کی تفتیش شروع کی گئی۔

پولیس بچی کو تلاش کرنے میں مصروف تھی اس دوران شیوانی نے پولیس کو کہا کہ اسے اسپتال جانا ہے، پولیس کو شبہ ہوا لیکن طبی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اس دوران پولیس کو پڑوسی کے مکان کی چھت سے ایک بیگ ملا جب انہوں نے اسے کھولا تو اس میں بچی موجود تھی، بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے شیوانی کو حراست میں لینے کے لیے ٹیم کو اسپتال روانہ کیا، خاتون نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ اس نے بچی کو قتل کیا اور یہ اس کی چوتھی بیٹی تھی۔

ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ بیٹیوں کی پیدائش کی وجہ سے معاشرے کے طعنے سننے پڑے اور اسی وجہ سے اس نے بیٹی کا گلا گھونٹ کر اسے پڑوسی کی چھت پر پھینک دیا۔

شیوانی نے انکشاف کیا کہ وہ بچی کو قتل کرنے کے بعد سو نہیں سکی اور سوچتی رہی کہ گھر والوں کا کیا بتائے گی پھر گمشدگی کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس نے ملزمہ کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں