بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

چمن بم دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد کا استعمال ہوا

اشتہار

حیرت انگیز

چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں گزشتہ روز مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل بم دھماکے میں 7 سے 8 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جانے کے بعد مال روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، ادھر مال روڈ بم دھماکے کے خلاف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

آل پارٹیز تاجر اتحاد کی جانب سے مال روڈ دھماکے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر گشت اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے شہدا چوک پر دھرنا بھی دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں