میکسیکو سٹی : السلواڈور کے دارالحکومت سان سلواڈور کے کسکاتلان فٹ بال اسٹیڈیم میں بھگدڑ میں9 افراد ہلاک اور 90 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، نیشنل سول پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسکاتلان اسٹیڈیم میں بھگدڑ کے بعد مرنے والوں کی تعداد نو ہوگئی ہے جبکہ کئی زخمیوں شائقین کو قریبی اسپتالوں میں لے جایا جا رہا ہے جن میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ بھگدڑ ہفتے کی رات اس وقت ہوئی جب شائقین نے الیانزا اور ایف اے ایس فٹ بال کلبوں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور کھیل روک دیا گیا۔
سلواڈور کے صدر دفتر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سانحہ جعلی ٹکٹوں کی فروخت کی وجہ سے پیش آیا اور مایوس اور مشتعل شائقین نے اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔
سلواڈور کے صدر نائب بوکیل نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور یقین دہانی کرائی کہ جو بھی قصور وار ہیں وہ سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔
دوسری جانب میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس نے اسٹیڈیم کے باہر آنسو گیس کے گولے فائر کیے جس سے بھگدڑ مچی۔