لاہور: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کردیے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی درخواست پر نادرا نے 9 اور 10 مئی کے مقدمات کے اشتہاریوں کے شناختی کارڈ بلاک کیے، پولیس حکام نے کہا کہ تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیرقانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ٹی سی میں شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے، اشتہاری ملزمان قومی شناختی کارڈ بلاک ہونے پر تمام سہولیات سے محروم رہیں گے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان میں مرادسعید، اعظم سواتی، حماداظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، ملک ندیم عباس اور غلام محی الدین دیوان کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ان تمام اشتہاری ملزمان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے 18 اشتہاری رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لئے نادرا کو لسٹ پہلے ہی ارسال کردی گئی تھی فہرست میں شامل افراد مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔