کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے مزید 9 افراد جاں بحق ہو گئے جس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 99 ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 9 افراد بارشوں کی نذر ہو گئے، جب کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 99 ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، اب تک 39 مرد، 28 خواتین، اور 32 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں، بارشوں کے دوران حادثات میں 57 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں میں مجموعی طور پر صوبے بھر میں 3953 مکانات منہدم ہوئے، 550 کلو میٹر مشتمل مختلف 4 شاہراہیں متاثر ہوئیں، اور 706 مال مویشی ہلاک ہوئے۔