امریکا میں 9 سالہ بچی سر میں جوئیں ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں 9 سالہ بچی سر میں جوؤں کی وجہ سے ہلاک ہوگئی پولیس نے غفلت برتنے پر نانی اور والدہ کو گرفتار کرلیا۔
عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2 ماہ قبل امریکی ریاست ایریزونا میں ایک گھر میں ڈاکٹروں کو بلائے جانے کے بعد 9 سالہ بچی مردہ پائی گئی جبکہ اس کے چہرے پر بڑی تعداد میں جوئیں موجود تھیں۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ بچی کے بالوں میں بہت زیادہ جوئیں موجود ہیں۔
بچی کی موت کے بعد 38 سالہ ماں سینڈرا کرائیکووچ اور 64 سالہ نانی الزبتھ کو ابتدائی طور پر بچوں کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ بعد میں ان پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
پولیس کو انٹرویو میں سینڈرا نے مبینہ طور پر کہا کہ اس کی بیٹی خون کی کمی کا شکار تھی جبکہ اسے 15 مارچ کو سانس لینے میں مشکل ہورہی تھی اور بخار، سر درد، گلے میں سوزش کی علامات کے ساتھ اسے توازن برقرار رکھنے میں دشواری بھی ہورہی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لڑکی کی موت جوؤں کے انفیکشن سے ہونے والے خون کی کمی سے ہوئی اور اس کے جسم میں غذائیت کی بھی کمی تھی۔
والدہ کے موبائل میں ٹیکسٹ میسجز سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے علامات ظاہر ہونے کے باوجود بچی کو ڈاکٹروں کے ذریعے علاج کرانے سے انکار کیا۔
پولیس کے مطابق سینڈرا نے 14 اور 15 مارچ کو اپنے بوائے فرینڈ کو پیغامات بھیجے کہ وہ جانتی ہیں کہ اسے اپنی بیٹی کو اسپتال لے جانے کی ضرورت ہے۔
تاہم سینڈرا کے بوائے فرینڈ نے انہیں کہا کہ وہ بچی کو اسپتال لے جائے لیکن انہوں نے مبینہ طور پر انکار کر دیا۔اس کے علاوہ لڑکی کی نانی کو بھی معلوم تھا کہ وہ شدید بیمار ہے لیکن انہوں نے بھی اسے اسپتال لے جانے سے انکار کیا۔