واشنگٹن: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کا کہنا ہےکہ دنیا میں ہر10 میں سے9افراد آلودہ فضا میں سانس لے رہے ہیں جوانسانی صحت کے لیے انتہاہی خطرناک ہے۔
تفصیلات کےمطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا کی 92 فیصد آبادی ایسے مقامات پر رہتی ہے جہاں کی فضا آلودہ ہے جس کے باعث لوگوں کو عارضہ قلب، کینسر کی بیماریوں کا خطرہ لاحق ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق گھروں کے اندرایندھن جلانے سے اندر کی فضا بھی آلودہ ہوتی ہے اور دنیا بھر میں ہر نو اموات میں سے ایک کی وجہ فضائی آلودگی ہوتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا کے پانچ آلودہ ممالک میں ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان، افغانستان اور مصر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ذرائع نقل وحمل اور کچرے کی آلودگی اور دوبارہ قابلِ استعمال توانائی کے استعمال سے فضائی آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔